(لاہور نیوز) پاکستان کی ایڈونچر ایتھلیٹ ثمر خان نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کردی۔
ثمر خان نے انتہائی سخت موسمی حالات میں 300 کلومیٹر طویل فیل راؤن پولر چیلنج کامیابی سے مکمل کرلیا، جو سویڈن سے شروع ہو کر ناروے میں اختتام پذیر ہوا۔ یہ دشوار گزار مہم ڈاگ سلیج کے ذریعے مکمل کی گئی، جس کے دوران منفی درجہ حرارت اور برفانی ہواؤں کا سامنا کرنا پڑا۔
اس شاندار کامیابی کے ساتھ ثمر خان آرکٹک مہم مکمل کرنے والی پہلی پاکستانی ایتھلیٹ بن گئیں جس پر ملک بھر میں انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
اپنے بیان میں ثمر خان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو ان کی صلاحیتوں پر شک تھا، ان کے لیے یہ کامیابی ایک واضح پیغام ہے کہ اگر عزم مضبوط ہو تو کچھ بھی ناممکن نہیں۔
انہوں نے اپنی کامیابی کو پاکستان کے نام کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کے دوران انہیں انتہائی سخت موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔
صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے بھی ثمر خان کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا ثمر خان نے خواتین کے لیے فخر کا باعث بن کر پاکستان کا نام روشن کیا، پاکستانی خواتین کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں ہیں، حکومت پنجاب خواتین کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات اور مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
فیصل ایوب نے کہا ثمر خان نوجوان لڑکیوں کے لیے ایک مضبوط رول ماڈل ہیں، پاکستانی خواتین ہر میدان میں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔
