(لاہور نیوز) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سپنر ابرار احمد نے کہا ہے کہ اس وقت میری بنیادی توجہ اپنی باؤلنگ کو مزید بہتر بنانے پر مرکوز ہے جبکہ بیٹنگ کیلئے روزانہ مختصر وقت دینا ہی میرے لئے کافی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ابرار احمد کا کہنا تھا کہ ساتھی باؤلر عثمان طارق کے ساتھ مل کر پلان کے مطابق باؤلنگ کرنے کی کوشش کرتا ہوں کیونکہ مسلسل مؤثر اوورز بیٹرز کیلئے مشکلات پیدا کرتے ہیں، اگر بیٹرز دفاعی انداز اختیار کریں تو میری کوشش ہوتی ہے کہ انہیں شاٹس کھیلنے کا موقع نہ دیا جائے، رنز روکے جائیں اور وکٹیں حاصل کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بار ٹیم کی سپن، فاسٹ باؤلنگ اور بیٹنگ مضبوط ہے اور میں فائنل کھیلنے کے ساتھ ٹائٹل جیتنے کیلئے پُرامید ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ نئی ٹیموں کی شمولیت سے مقابلہ مزید سخت ہوا ہے، نئے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں جبکہ نئی ٹیمیں بھی جلد دیگر ٹیموں کی طرح بہتر کارکردگی دکھائیں گی۔
سپنر نے کہا کہ زیادہ استعمال ہونے والی وکٹیں باؤلرز، خاص طور پر سپنرز کیلئے مددگار ثابت ہوتی ہیں اور ٹیموں نے اسی حساب سے اپنی حکمتِ عملی تیار کی ہوگی، میں کسی نئے انداز کے بجائے اپنا پرانا سیلیبریشن سٹائل ہی پسند کرتا ہوں۔
