لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں زچگی آپریشنز کا مقابلہ، ویڈیو سامنے آنے پر وزیر صحت کا نوٹس
(لاہورنیوز) لاہور کے لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں 2 زچگی آپریشن کے دوران ڈاکٹرز نے آپس میں مقابلہ کیا جس کی تھیٹر میں بنی گئی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں دو خواتین کے سی سیکشن (آپریشن) کے دوران ڈاکٹر طیبہ اور ڈاکٹر عائشہ کی ٹیمیں تھیٹر میں موجود تھیں۔
اس دوران تھیٹر میں کھڑی سٹاف نے ویڈیو بنائی اور بتایا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیز ترین آپریشن کرنے کا مقابلہ چل رہا ہے جس کا فیصلہ ڈاکٹر عیسیٰ کریں گے۔
ویڈیو بنانے والی لڑکیوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک ڈاکٹر طیبہ کی سپورٹر ہے اور دوسری ڈاکٹر عائشہ کی ہے اور دونوں کے درمیان فُل مقابلہ چل رہا ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر صحت نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرکے سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جس کی ویڈیو آج سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی اور یہ ویڈیو سخت پابندی کے باوجود ڈاکٹرز کی ٹیم نے ہی بنائی ہے۔
شہریوں نے ویڈیو سامنے آنے کے بعد شدید تحفظات کا اظہار کیا اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مریضوں کی زندگیوں کو داؤ پر لگانے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
