(لاہور نیوز) تین کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مبینہ فراڈ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عدالت نے ملزم ڈی ایس پی اظہر نوید خان کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نوید بخش نے گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ ملزم کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے، فیصلے کے مطابق مدعی نے خود بیان دیا کہ اس کے بیٹے کے کاروباری لین دین کے باعث غلط فہمی کی بنیاد پر مقدمہ درج ہوا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ تفتیش کے دوران ملزم سے کوئی قابل ذکر ثبوت برآمد نہیں ہوا، جس کی بنیاد پر مقدمہ برقرار نہیں رکھا جا سکتا، عدالت نے ملزم ڈی ایس پی اظہر نوید کا بیان بھی ریکارڈ کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ وہ طے شدہ معاہدے کے پابند رہیں گے۔
عدالت نے حکم دیا کہ اگر ملزم کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں تو اسے فوری طور پر رہا کیا جائے۔
