کھلے مقامات پر عید الفطر کے اجتماعات پر سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں، فیصل کامران
(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ہدایت کی ہے کہ کھلے مقامات پر عید الفطر کے اجتماعات پر سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے صدر ڈویژن میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عیدالفطر کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کر دیں۔
اجلاس میں لاہور پولیس کے ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی ڈولفن، ایس پی صدر، سرکل افسران اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی، جہاں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او مانگا منڈی کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کھلے مقامات پر عیدالفطر کے اجتماعات کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ چوروں، گداگروں اور نوسربازوں کے خلاف فوری کارروائیاں کی جائیں، رش والے علاقوں میں جیب تراشوں سے بچاؤ کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات رہیں، عید کے دنوں میں قبرستانوں پر بھی سکیورٹی ڈیوٹیاں لازمی لگائی جائیں جبکہ تھانوں کی سنتری ڈیوٹی کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔
فیصل کامران نے مزید کہا کہ کسی بھی ملزم کو چوکی میں زیر حراست نہ رکھا جائے اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لینے کی ہدایت دی گئی۔
