(لاہور نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں جنگی صورتحال کے باعث پاکستان سے بیرونِ ملک جانے والی پروازوں کا شیڈول بدستور شدید متاثر ہے ۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک کے 8 بڑے ایئرپورٹس سے آج بھی مجموعی طور پر 101 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق متاثرہ ایئرپورٹس میں کراچی،لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان اور سیالکوٹ شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منسوخ ہونے والی پروازیں زیادہ تر مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کے لیے تھیں، جن میں متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت، قطر، ایران، عراق اور آذربائیجان شامل ہیں۔
ایئرلائن حکام کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافے اور فضائی حدود کی غیر یقینی صورتحال کے باعث پروازوں کی منسوخی کا فیصلہ کیا گیا۔
پروازوں کی منسوخی کے باعث سینکڑوں مسافر ایئرپورٹس پہنچنے کے بعد واپس گھروں کو لوٹ گئے، جبکہ ایئرلائنز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ 18 روز کے دوران ملک بھر سے تقریباً 2 ہزار پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں، جبکہ متحدہ عرب امارات کے لیے خصوصی پروازوں کا آپریشن بھی ایک بار پھر معطل کر دیا گیا ہے۔
