وزیراعظم کی زیرصدارت پٹرولیم مصنوعات پر اجلاس، مصنوعی قلت پر کارروائی کا حکم
(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت پٹرولیم مصنوعات کے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ پٹرول کا مناسب ذخیرہ موجود ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں وزارت پٹرولیم نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرے کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی کہ پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں، جو بھی پٹرول پمپ مصنوعی قلت کے اس مکروہ دھندے میں ملوث ہو، اس کو بند کیا جائے اور اس کا لائسنس منسوخ کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم نے وزیر پٹرولیم کو ہدایت دی کہ وہ صوبوں کا دورہ کریں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پٹرولیم مصنوعات کی بچت اور ان کی عوام کو بلاتعطل فراہمی کے حوالے سے لائحہ عمل و منصوبہ بندی تیار کریں۔
انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت سے متعلق ڈیش بورڈ بنایا جائے، جس کے ذریعے صوبوں کے ساتھ رئیل ٹائم ڈیٹا شیئر ہو اور پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل کی نگرانی کی جائے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، اویس خان لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز شریک ہوئے۔
علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت خطے کی بدلتی صورتحال کے باعث پٹرولیم مصنوعات سٹاک اور کھپت پر ہائی پاورڈ کمیٹی کے اجلاس میں وزیر خزانہ کی جانب سے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق تعلیمی اداروں میں ورچوئل نظام تعلیم اور دفاتر کیلئے ورک فرام ہوم کا پلان پیر کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی، وزیر خزانہ کو صوبوں سے مشاورت کے بعد ورک فرام ہوم بارے سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ہائی پاورڈ کمیٹی نے ہفتہ وار قیمتوں کے تعین بارے سفارشات پیش کر دیں جو وزیراعظم نے منظور کر لیں، ای سی سی پٹرولیم مصنوعات کی ہفتہ وار قیمتوں بارے سفارشات دے گی، ای سی سی سے منظوری کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی سمری کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔
