(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج 2026 کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر رمضان ریلیف پیکج 2026 کے حوالے سے جائزہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج 2026 کا باضابطہ آغاز کیا گیا ہے، جس کے لئے 38 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی امدادی رقم کو 5 ہزار سے بڑھا کر 13 ہزار فی کس کی ہے تاکہ مستحق افراد کی رمضان کے بابرکت مہینے میں مالی مدد کی جائے، یہ ملک کا سب سے بڑا اور جامع رمضان ریلیف پیکیج ہے۔
.jpg)
شہباز شریف نے کہا کہ پچھلے سال کے کامیاب تجربے پر مبنی وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج 2026 کی تقسیم بھی اسی شفاف ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جا رہی ہے، ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے نقد مالی مدد مستحق افراد تک پہنچائی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے رمضان پیکیج کے لئے کام کرنے والے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے مستحق افراد کو رقم کی فراہمی ایک انتہائی شفاف اور سہل ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جا رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ رمضان ریلیف پیکیج کے حصول میں لوگوں کو لمبی قطاروں سے نجات ملی ہے اور ان کی عزت نفس بھی مجروح نہیں ہوتی۔
اجلاس کو پی ایم رمضان ریلیف پیکیج 2026 پر پیشرفت کے حوالےسے بریفنگ دی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سال 8 رمضان المبارک تک 64 فیصد مستحق افراد تک رقوم پہنچائی جا چکی ہیں، بقیہ مستحق افراد کو رقوم کی ادائیگی کے حوالے سے تصدیق اور جانچ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
شرکا کو مزید آگاہ کیا گیا کہ اس سال 12 بینک اور فنانشل ٹیکنالوجیز کی کمپنیاں رقوم کی تقسیم میں حکومت کی شراکت دار ہیں، رمضان پیکیج میں شامل مستحقین اب تک 1.1 ملین ڈیجیٹل ٹرانزیکشن کر چکے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ایم رمضان پیکیج کی آگاہی کے حوالے سے مستحق افراد کو اب تک 12 لاکھ 27 سے زائد روبو (خود کار) کالز کی جا چکی ہیں، پی ایم رمضان پیکج کا دائرہ کار پورے ملک بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بھی ہے۔
شرکا کو آگاہ کیا گیا کہ ڈیجیٹل والٹس ڈیٹا پر مبنی مالی نظام کا ایک اہم سنگ میل ہے ۔ریئل ٹائم ڈیش بورڈز کے ذریعے ادائیگیوں کی اپ ڈیٹ کی ذریعے شفافیت یقینی بنائی جا رہی ہے۔پی ایم رمضان پیکج کے حوالے سے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر بھرپور آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ نے شرکت کی۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، چیئرپرسن BISP سینیٹر روبینہ خالد، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
