پنجاب حکومت کا وزرا، بیوروکریٹس کیلئے 1 ارب 14 کروڑ روپے کی نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے رواں سال وزرا اور بیوروکریٹس کے لیے ایک ارب 14 کروڑ روپے مالیت کی 108 نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کر لیا۔
ٹرانسپورٹ ونگ نے کابینہ کے لئے گاڑیوں کی خریداری پر سفارشات حکومت کو پیش کر دیں جس میں پنجاب کابینہ کے لیے 30 کروڑ روپے سے 28 نئی گاڑیاں خریدنے کی تجویز ہے۔
ذرائع محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے مطابق کابینہ کے لئے ایک لینڈ کروزر، دو ہیول ون پوائنٹ فائیو، 5 گرینڈی الٹس، 10 ٹویوٹا الٹس اور 10 ٹویوٹا یارس شامل ہیں۔
2 وزرا کے لیے 4 کروڑ روپے مالیت کی 2 بلٹ پروف فور بائے فور ڈالے بھی خریدے جائیں گے، بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کی اجازت حکومت پہلے دے چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق وی آئی پیز کی سکیورٹی کے لیے 27 کروڑ روپے مالیت کی 25 گاڑیاں خریدنے کی سفارشات منظور ہوچکی ہیں۔
چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کے لیے 53 کروڑ روپے کی گاڑیاں خریدی جائیں گی، انسپکشن ٹیم کے لیے 30 ڈبل کیبن ڈالے، 11 یارس اور 3 الٹس گاڑیاں خریدنے کی تجویز ہے۔
انسپکشن ٹیم کے لئے گاڑیوں میں سوزوکی کلٹس اور موٹر سائیکل بھی شامل ہیں، حکام کے مطابق سفارشات کی منظوری کے بعد خریداری کا عمل شروع ہوگا۔
