ایک کروڑ بچے سکول سے باہر، حکمرانوں کی عیاشیاں ختم نہیں ہو رہیں: حافظ نعیم الرحمان
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پنجاب میں ایک کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں جبکہ حکمرانوں کی عیاشیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔
لاہور میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں تعلیمی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور لاکھوں بچوں کا سکولوں سے باہر ہونا حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، اگر حکمران اپنی شاہ خرچیاں کم کریں تو تعلیم سمیت بنیادی شعبوں پر خاطر خواہ سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کسانوں کا حق مارا جا رہا ہے اور انہیں ان کی محنت کا مناسب معاوضہ نہیں دیا جا رہا، پنجاب کا موازنہ دوسرے صوبوں سے کرنے کے بجائے صوبے کے اپنے وسائل اور صلاحیتوں کے تناظر میں کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بااثر خاندانوں کی سیاست حاوی ہے اور پارٹیوں میں نئی قیادت کو آگے آنے کے مواقع نہیں دیئے جاتے، جمہوری نظام کی مضبوطی کیلئے اندرونی جمہوریت اور شفاف قیادت کا فروغ ناگزیر ہے۔
