(لاہور نیوز) بے گھر اور مستحق خاندانوں کو مفت گھروں کی فراہمی کے حکومتی اقدام کے تحت ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ پروگرام میں 19 اضلاع کے دو ہزار مستحق افراد کیلئے مفت پلاٹس کی قرعہ اندازی مکمل کر لی گئی۔
قرعہ اندازی صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کی، اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل اور ڈی جی پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی سکندر ذیشان بھی موجود تھے۔
حکام کے مطابق خوش نصیب افراد کو پلاٹس کے بلاکس اور نمبرز الاٹ کر دیئے گئے ہیں، صوبائی وزیر نے جہلم اور قصور کے منتخب مستحقین کو بذریعہ فون کال پلاٹ نمبر، سائز اور بلاک کی تفصیلات سے آگاہ کیا، ایک مستفید شہری نے کہا کہ ’’بغیر سفارش سرکاری سطح پر پلاٹ ملنا ناقابل یقین ہے۔‘‘
وزیر ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ آئندہ چند روز میں وزیر اعلیٰ پنجاب باقاعدہ الاٹمنٹ لیٹرز خوش نصیب افراد کو فراہم کریں گی، انہوں نے واضح کیا کہ پلاٹس مکمل طور پر مفت دیئے جا رہے ہیں اور کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جا رہی۔
بلال یاسین کے مطابق پروگرام کے تحت ریڑھی بان، دکاندار، ڈرائیور، مکینک اور دیہاڑی دار افراد بھی قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب قرار پائے، مزید برآں مستحق خاندان ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ سکیم کے تحت بلاسود قرض بھی حاصل کر سکیں گے تاکہ تعمیرِ مکان کا خواب پورا ہو سکے۔
حکام نے بتایا کہ جہلم، قصور، اوکاڑہ، اٹک، بھکر، لیہ، لودھراں، ساہیوال، راجن پور، وہاڑی، چنیوٹ، جھنگ، فیصل آباد اور گجرات میں تین مرلہ پلاٹس دیئے جا رہے ہیں جبکہ منڈی بہاؤالدین، بہاولپور، بہاولنگر، سرگودھا اور خوشاب کے رہائشی بھی اس سکیم سے مستفید ہوں گے۔
