(لاہور نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی۔
نیپرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ بجلی فی یونٹ 28 پیسے مہنگی کی گئی ہے، جس کا اطلاق فروری کے ماہانہ بلوں میں کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین پر ہوگا۔
تاہم لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز کو اس فیصلے سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، جس کے باعث ان صارفین کو اضافی مالی بوجھ برداشت نہیں کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا میں دسمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 48 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست جمع کرائی تھی۔ نیپرا نے اس درخواست کا جائزہ لینے کے بعد 28 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی اور باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
