(لاہور نیوز) وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے2026 کے حج عازمین کو ویزا پراسیسنگ کیلئے بائیو میٹرک کا عمل ہر صورت 8 فروری تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ عازمین حج بائیو میٹرک کیلئے اپنے متعلقہ بینکوں کی مدد بھی لے سکتے ہیں، وہ عازمین جنہیں جدید ’سعودی ویزا بائیو‘ ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے رجسٹریشن یا انگلیوں کے نشانات کی تصدیق میں دشواری کا سامنا ہے ان کی سہولت کیلئے ملک بھر میں 6 تاشیر سینٹرز قائم کر دیے ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نےبیان میں کہا کہ عازمین حج کی پہلی ترجیح ’سعودی ویزا بائیو‘ ایپ ہی ہونی چاہیے، موبائل پلے اسٹور سے یہ ایپ باآسانی ڈائون لوڈ کی جا سکتی ہے، اس پر اپنی ای میل کے ذریعے رجسٹریشن کے بعد پاسپورٹ سکین.
اپنی سیلفی اور پھر دونوں ہاتھوں کے فنگر پرنٹس لیں، اس کے ساتھ ہی کنفرمیشن ایک میل موصول ہوگی جسے عازمین حج باقی پراسیس کیلئے اپنے پاس محفوظ رکھیں، اگر عازمین کو خود ایپ استعمال کرنے میں مشکل پیش آ رہی ہے تو وہ اپنی متعلقہ بینک برانچ سے بھی مدد لے سکتے ہیں۔
ترجمان وزارت نے واضح کیا کہ بائیو میٹرک کی تصدیق کے بغیر حج ویزا لگنا ممکن نہیں ہو گا، ایپ کے ذریعے تصدیق نہ ہونے کی صورت میں عازمین حج ملک بھر میں قائم 6 تاشیر سینٹرز سے رجوع کر سکتے ہیں۔
وزارت نے عازمین کی آسانی کیلئے تاشیر سینٹرز کے اوقات کار پیر تا جمعہ، دوپہر 1 بجے سے شام 5 بجے تک مقرر کیے ہیں، عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کیلئے 8 فروری کی ڈیڈ لائن سے قبل اپنے قریبی سینٹر پہنچ کر عمل مکمل کریں۔
