مریم نواز نے راجن پور میں گرین الیکٹرک بسوں سمیت دیگر منصوبوں کا افتتاح کر دیا
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جعلی حکومت وہ ہوتی ہے جو لوگوں کا حق اور ترقی کھا جاتی ہے، جہاں 13 سال سے حقیقی حکومت ہے وہ صوبہ زوال کا شکار کیوں ہے؟
وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے راجن پور میں گرین الیکٹرک بسوں سمیت دیگر منصوبوں کا افتتاح کر دیا، افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ جعلی حکومت وہ ہوتی ہے جو امن کھا جاتی ہے، خوشی کھا جاتی ہے، جو بے حس ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب لوگ روزگار، سڑکیں مانگتے ہیں تو کہتے ہیں ہم نے شعور دیا، تو کیا شعور پر بیٹھ کر کالج جائیں گے؟ کے پی کے عوام روزگار کا سوال کرتے ہیں تو کہتے ہیں شعور دیا، تو کیا لوگ شعور کو روزگار کا ذریعہ بنائیں گے؟ لوگ گرین بس مانگتے ہیں تو کہتے ہیں شعور دیا تو کیا لوگ شعور پر سفر کریں گے؟ ورکر کا بیٹا جیل میں ہے، اپنے بیٹے کو برطانیہ میں بٹھایا ہوا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جس طرح راجن پور کے لوگوں نے میرا استقبال کیا ہمیشہ یاد رکھوں گی، ہمیشہ مسلم لیگ ن پر الزام لگتا ہے کہ سارا کام لاہور میں ہوتا ہے، آج سے راجن پور میں بھی گرین بسیں چلیں گی، پنجاب میں 1500 مزید بسیں آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کے اندر پنجاب کے ہر ضلع میں گرین بس چلی گی، ابھی راجن پور میں 15 بسیں آئی ہیں لیکن مزید بسیں آئیں گی۔
