(لاہور نیوز) پنجاب بھر کے تقریباً 3 لاکھ اساتذہ اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹس (اے سی آرز) آن لائن جمع کروانے کیلئے دو سال سے مشکلات کا شکار ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے بنائی گئی ایپ دو سال سے بند پڑی ہے، جس کی وجہ سے پروگرام مانیٹرنگ اینڈ ایمپلیمنٹیشن یونٹ (ایچ آر ایم ایس) اسے چلانے میں ناکام رہا، اساتذہ کی آخری آن لائن اے سی آر جمع سال 2023 میں ہوئی تھی، اور سال 2024 اور 2025 کی رپورٹس ابھی تک وصول نہیں کی گئی ہیں۔
اساتذہ نے بتایا کہ سالانہ کارکردگی رپورٹس صرف سال 2020 تا 2023 کیلئے جمع کی گئی تھیں، اور ان رپورٹس کی بنیاد پر انہیں ترقیاں دی جانی تھیں، تاہم ایپ کی غیر فعال صورتحال کی وجہ سے ہزاروں اساتذہ اپنی مستحق ترقیات سے محروم ہیں۔
اساتذہ نے حکومت اور متعلقہ محکموں سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آن لائن اے سی آر جمع کروانے کا عمل بحال کیا جا سکے اور ترقیوں میں تاخیر کا مسئلہ حل ہو۔
