پنجاب پولیس کی دھاتی ڈور،غیر قانونی پتنگ بازی کیخلاف کارروائیاں،2902 ملزمان گرفتار
(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے دھاتی ڈور اور غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف صوبہ بھر میں کارروائیاں تیز کر دیں اور بسنت کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات جاری کر دیے ہیں۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے تین روزہ بسنت کے لیے ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، فحاشی اور غیر اخلاقی رویوں پر قانون فوری حرکت میں آئے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور لاہور میں بھی قوانین کے مطابق مخصوص دنوں میں ہی بسنت کی اجازت دی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب نے یہ بھی کہا کہ یکم فروری سے قبل لاہور میں پتنگوں اور ڈوروں کی خرید و فروخت کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 2902 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 2819 مقدمات درج کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران 2 لاکھ 36 ہزار 701 پتنگیں اور 4 ہزار 776 ڈور چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔
لاہور میں بھی سخت کارروائیوں کے تحت 1304 ملزمان گرفتار ہوئے اور مقدمات درج کیے گئے جبکہ 79 ہزار 772 پتنگیں اور 1314 ڈور چرخیاں ضبط کی گئی ہیں۔
