(لاہور نیوز) سیشن کورٹ میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست دائر کر دی گئی۔
درخواست شہری علی احمد نے اپنے وکیل میاں منیب طارق کی وساطت سے عدالت میں جمع کروائی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ملزمان کو یوٹیوبر ڈکی بھائی کو اغوا کرنے کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق حیدر علی، مان ڈوگر اور رجب بٹ نے رجب بٹ کی گاڑی میں گھات لگا کر کارروائی کی۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزمان نے ڈکی بھائی کے بھائی منیب کو زبردستی اٹھایا، جس کے بعد رجب بٹ اور مان ڈوگر نے منیب کے منہ پر سیاہ کپڑا ڈال کر اسے گاڑی میں قید کر لیا، جبکہ حیدر علی نے پورا واقعہ ویڈیو میں ریکارڈ کیا۔
درخواست گزار کے مطابق یہ عمل نہ صرف عوامی اخلاقیات کے خلاف ہے بلکہ عوامی امن و امان کیلئے بھی سنگین خطرہ ہے، عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔
ایڈیشنل سیشن جج نے درخواست پر نوٹسز جاری کرتے ہوئے فریقین کو طلب کر لیا اور کیس کی سماعت 30 جنوری تک ملتوی کر دی۔
