(لاہور نیوز) وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن بچوں کے حقوق، ان کی تعلیم اور روشن مستقبل کے عزم کی تجدید کا موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا ہر قدم بچوں کی تعلیم، تحفظ اور فلاح کی بہتری کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔
وزیرِ تعلیم نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دور میں تعلیم کو ترجیح نہیں دی گئی، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں موجودہ حکومت نے ریکارڈ تعلیمی اصلاحات کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز بچوں کے محفوظ اور روشن مستقبل کے لیے عملی جدوجہد کر رہی ہیں۔
رانا سکندر حیات نے بتایا کہ سرکاری سکولوں میں پہلی بار بچوں کے لیے سمارٹ کلاس رومز، ڈیجیٹل لرننگ اور جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آؤٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی نظام میں لانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں اور حکومت کا عزم ہے کہ ایک بھی بچہ سکول سے باہر نہ رہے۔
وزیرِ تعلیم نے مزید کہا کہ حکومت کے اقدامات سے ڈراپ آؤٹ ریٹ میں نمایاں کمی ہوئی ہے، پنجاب حکومت نے تعلیم کے بجٹ میں تاریخی اضافہ کیا ہے اور پہلی بار وسائل براہ راست تعلیم پر خرچ کیے جا رہے ہیں، تعلیم پر کھوکھلے دعوے کرنے والوں نے ایک کلاس روم تک درست نہیں کیا تھا، جبکہ موجودہ حکومت حقیقی تبدیلی لا رہی ہے۔
