(لاہور نیوز) اسلام پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی منظم اور متحرک موٹرسائیکل چور گینگ کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان میں سے ایک موٹرسائیکل چوری کرتا اور اسے اپنے گھر لا کر پارٹس میں تقسیم کر دیتا تھا، جبکہ اس کا دوسرا ساتھی چوری شدہ موٹرسائیکل کے پارٹس خرید کر انہیں مہنگے داموں فروخت کرتا تھا۔
پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ یہ دونوں ملزمان لاہور کے مختلف علاقوں میں بغیر لاک کے کھڑی موٹرسائیکلیں چوری کر کے ان کے پارٹس الگ کرتے ہیں، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
دوران ریڈ ملزمان کے قبضہ سے تین مختلف موٹرسائیکلوں کے پارٹس اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان عثمان اور محمد علی نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی، لیکن پولیس کی فوری کارروائی اور حکمت عملی کے باعث وہ کامیاب نہ ہو سکے اور گرفتار ہو گئے، ان ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تحقیقات جاری ہیں۔
