(لاہور نیوز) وزارت منصوبہ بندی کی دستاویز میں انکشاف ہوا ہے کہ جولائی سے اکتوبر تک صرف 76 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہو سکے۔
سرکاری دستاویز کے مطابق حکومت رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران ڈویلپمنٹ منصوبوں پر ٹوٹل پی ایس ڈی پی کا محض 7.6 فیصد فنڈز استعمال کر سکی، جولائی سے دسمبر کیلئے فنڈز ریلیز سٹریٹیجی کے مطابق 35 فیصد اتھارئزیشن بھی نہ ہو سکی، کیبنٹ ڈویژن، وزارت تجارت، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، پارلیمانی افیئرز، پٹرولیم ڈویژن، مذہبی امور سمیت مجموعی طور پر 6 وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیلئے کوئی رقم نہ جاری کی گئی۔
کیبنٹ ڈویژن کیلئے 70 ارب، پارلیمانی افئیرز کیلئے 2 ارب 50 کروڑ، پٹرولیم ڈویژن کیلئے 71 کروڑ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کیلئے 49 کروڑ، مذہبی امور کیلئے 65 کروڑ اور کامرس ڈویژن 5 کروڑ روپے مختص ہیں لیکن جولائی سے اکتوبر ان وزارتوں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے کوئی رقم جاری نہ ہو سکی۔
جولائی سے اکتوبر 34 وزارتوں/ڈویژنز کیلئے تقریبا 54 ارب روپے جبکہ این ایچ اے اور این ٹی ڈی سی/پیپکو سمیت کارپوریشنز کیلئے 22 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔
پہلی ششماہی میں حکومت نے 35 فیصد کی بجائے 33 فیصد فنڈز اتھارئزیشن کے بعد جولائی سے اکتوبر تقریبا 24 فیصد تک ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے لیکن رواں مالی سال کیلئے 1 ہزار ارب روپے ترقیاتی بجٹ میں سے چار ماہ کے دوران صرف 7.6 فیصد اخراجات ہو سکے، حکومت کی جانب سے رواں مالی سال کیلئے فنڈز ریلیز سٹریٹیجی کے مطابق اتھارئزیشن اور ایکسپینڈیچر نہیں ہو سکے۔
جولائی سے اکتوبر کے دوران ڈیفنس ڈویژن کیلئے 1 ارب 8 کروڑ، سپیشل ایریاز کیلئے 16 ارب 48 کروڑ، ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 5 ارب 20 کروڑ، قانون و انصاف کیلئے 26 کروڑ، وزارت منصوبہ بندی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 3 ارب 90 کروڑ، ریلوے ڈویژن کیلئے 4 ارب 32 کروڑ، واٹر ریسورسز کے ترقیاتی منصوبوں پر 13 ارب 55 کروڑ کے فنڈز استعمال ہو سکے۔
این ایچ اے کو جولائی سے اکتوبر سب سے زیادہ 20 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں کیلئے فراہم کیے گئے، حکومت نے فنڈز ریلیز سٹریٹیجی کے مطابق جولائی سے دسمبر 350 ارب روپے کی بجائے 330 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں کیلئے اتھارائزڈ کیے ہیں، اسی طرح پہلی سہ ماہی کے دوران 15 فیصد ترقیاتی فنڈز بھی مکمل خرچ نہ ہو سکے۔
سیلاب کے باعث نقصانات اور ریونیو آمدن کم ہونے کے باعث ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کم مختص کیے گئے ہیں، 35 فیصد فنڈز ریلیز سٹریٹیجی کے مطابق 1 ہزار ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز میں سے تقریبا 350 ارب روپے مختص کیے جانا تھے، جولائی سے دسمبر تک 36 وزارتوں/ڈویژن کیلئے 219 ارب روپے، این ایچ اے اور پاور ڈویژن (این ٹی ڈی سی/پیپکو) کیلئے 1 سو 11 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
