(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر قابو پانے کیلئے نیا ٹریفک لائسنس پوائنٹس سسٹم متعارف کرانے کی منظوری دے دی۔
نئے نظام کے تحت ہر ٹریفک خلاف ورزی پر ڈرائیور کے لائسنس سے دو سے چار پوائنٹس منفی کئے جائیں گے، اگر کسی شہری کے خلاف ایک سال میں 20 پوائنٹس کٹ جائیں تو اس کا ڈرائیونگ لائسنس دو ماہ سے لے کر ایک سال تک معطل کیا جا سکے گا، یہ مدت خلاف ورزی کی سنگینی اور تکرار پر منحصر ہو گی۔
ٹریفک حکام کے مطابق یہ نیا پوائنٹس بیسڈ سسٹم ان ڈرائیورز کے لئے سخت احتسابی اقدام ہے جو بار بار قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے ٹریفک قوانین کا مقصد شہریوں میں محتاط اور محفوظ ڈرائیونگ کے رجحان کو فروغ دینا ہے، اس نظام کے تحت جرمانے صرف مالی سزا تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ ان کے طویل المدتی اثرات بھی سامنے آئیں گے۔
