(لاہور نیوز) سموگ کی بڑھتی ہوئی شدت کے پیش نظر لاہور ہائیکورٹ کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ کی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔
انتظامیہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور کمرشل مارکیٹس کو رات گیارہ بجے تک بند کرنے کے احکامات جاری کئے تھے جن پر عمل درآمد کیلئے خصوصی ٹیمیں سرگرم ہیں۔
انتظامیہ کی کارروائی اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس افسران کی نگرانی میں کی جا رہی ہے تاکہ لاہور میں بڑھتی آلودگی اور سموگ کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گلبرگ، لبرٹی مارکیٹ، انارکلی، مال روڈ، گڑھی شاہو اور دیگر اہم تجارتی علاقوں میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند کر دیئے گئے ہیں۔
بعض علاقوں جیسے لکشمی چوک، گوال منڈی، ریلوے اسٹیشن، جوہر ٹاؤن، ٹاؤن شپ اور بادامی باغ میں رات گئے تک کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی جگہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پائی گئی تو متعلقہ ہوٹلز اور دکانوں کو سیل کر دیا جائے گا اور بھاری جرمانے بھی عائد کئے جائیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات شہر میں سموگ کے پھیلاؤ پر قابو پانے اور فضائی معیار بہتر بنانے کیلئے کئے جا رہے ہیں، جبکہ ہائیکورٹ نے بھی ضلعی انتظامیہ کو کڑی نگرانی اور عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
