(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے اپنے ملازمین کیلئے کرایہ داری سیلنگ میں 85 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔
وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے اس اضافے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جو یکم نومبر 2025 سے نافذ العمل ہو گا۔
وزارت کے مطابق رہائشی کرایہ داری سیلنگ کی نئی شرحیں فنانس ڈویژن کی مشاورت سے طے کی گئی ہیں اور یہ اضافہ بی ایس-1 سے بی ایس-22 تک کے تمام وفاقی ملازمین پر لاگو ہو گا۔
ابتدائی مرحلے میں اضافہ چھ بڑے شہروں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ کیلئے منظور کیا گیا ہے، اس فیصلے سے بڑھتے ہوئے کرایوں کے دباؤ کا شکار سرکاری ملازمین کو خاطر خواہ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
وفاقی وزیرِ ہاؤسنگ نے ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزارت ہاؤسنگ ملازمین کی سہولت اور فلاح کیلئے پرعزم ہے۔
وزارتِ ہاؤسنگ کے مطابق یہ نیا اقدام وفاقی ملازمین کی رہائشی مشکلات میں نمایاں کمی لائے گا اور ان کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
