(ویب ڈیسک) کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سابق ٹکٹ ہولڈرز نے ٹی ایل پی سے اظہار لاتعلقی کر دیا۔
ملتان میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کے سابق ٹکٹ ہولڈرز نے کالعدم ٹی ایل پی کی سیاست سے اظہار لاتعلقی کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی سے بغیر کسی دباؤ کے الگ ہورہے ہیں، یہ فیصلہ کسی بھی دباؤ کے تحت نہیں بلکہ شہدا کے خون کے احترام میں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور پاک افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، پاک افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، اگر پاک فوج کو ضرورت پڑی تو ہم اپنی افواج کے ساتھ سرحدوں پر دشمن کے ناپاک عزائم کو مٹانے کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی کی جانب سے احتجاجی کال کا کوئی جواز نہیں تھا، بیرونی چیلنجز کے باوجود احتجاج غیر مناسب تھا، فلسطینی امن چاہتے ہیں، وہاں امن معاہدہ ہورہا ہے اور پاکستان میں ہماری سابقہ جماعت کی جانب سے احتجاجی تحریک کا شروع کرنا اور پھر اس احتجاج میں تشدد کا عنصر شامل ہو جانا، اس کا ہمارا ملک متحمل نہیں ہو سکتا۔
سابق ٹکٹ ہولڈرز کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے ریاست ہے، ریاست سے بڑھ کر کوئی نہیں، جب ریاست مضبوط ہوتی ہے تو تمام چیزیں ملتی رہتی ہیں۔
