پنجاب بھر کے نئے فیول پمپس پر الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز کی تنصیب لازمی قرار
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے نئے فیول پمپس پر الیکٹرک وہیکل (EV) چارجنگ سٹیشنز کی تنصیب کو لازمی قرار دے دیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں اٹھایا گیا یہ جرات مندانہ قدم پائیدار نقل و حمل اور شہری آلودگی میں کمی کی جانب ایک بڑی تبدیلی کا اشارہ ہے، یہ نئی ہدایت صوبے کی صاف توانائی اور موسمیاتی پالیسی کا حصہ ہے، جس کا مقصد بڑے شہروں میں دھند (Smog) اور اخراج کے مسئلے کو حل کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر EV کو اپنانے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
شہروں کو بڑھتی ہوئی دھند اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے نے گاڑیوں کے مالکان کو پریشان کر کے رکھا ہوا ہے اس لیے EV گاڑیاں ایک صاف اور زیادہ لاگت مؤثر متبادل پیش کرتی ہیں، فیول سٹیشنز پر چارجنگ کے اختیارات کو بڑھانے سے یہ فوائد حاصل ہوں گے۔
EV کو اپنانے میں حائل رکاوٹیں کم ہوں گی، درآمد شدہ تیل پر انحصار کم ہو گا، پاکستان کے ماحولیاتی وعدوں کی حمایت ہو گی، مقامی نقل و حمل کے حل میں جدت کو فروغ دینا، یہ اقدام EV کو اپنانے کے حق میں ایک مضبوط پالیسی شفٹ کی نشاندہی کرتا ہے، توقع ہے کہ آئندہ مہینوں میں سرکاری رہنما خطوط اور انفراسٹرکچر کے منصوبے جاری کر دیے جائیں گے۔
