(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا سرگودھا کے دورے کے دوران پولیس خدمت مرکز اور سیف سٹی پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سرگودھا کادورہ کیا، اس موقع پر آر پی او محمد شہزاد آصف خان، ڈی پی او صہیب اشرف، ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر سمیت دیگر سینئر پولیس افسران موجود تھے، آئی جی پنجاب نے اپنے دورے کے دوران سیف سٹی سرگودھا، آر پی او آفس، پولیس خدمت مرکز، زیر تعمیر ٹریفک اور ڈی پی او دفاتر کا معائنہ کیا اور جاری ترقیاتی و انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
آر پی او سرگودھا محمد شہزاد آصف خان نے آئی جی پنجاب کو سیف سٹی سرگودھا کی کارکردگی اور جرائم کی سرکوبی کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ آر پی او سرگودھا نے بتایا کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے شہر میں جرائم کی شرح میں 21 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب نے سیف سٹی پراجیکٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ مانیٹرنگ سسٹم کو مزید مؤثر بنایا جائے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کو سیف سٹی سرگودھا کے وزٹ کروائے جائیں تاکہ وہ سیف سٹی کی افادیت اور اہمیت سے آگاہ ہو سکیں۔
علاوہ ازیں آئی جی پنجاب نے آر پی او آفس سرگودھا کے مختلف شعبہ جات کا بھی دورہ کیا، ریکارڈ کا جائزہ لیا اور عملے سے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔ بعد ازاں انہوں نے پولیس خدمت مرکز سرگودھا میں شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کا مشاہدہ کیا اور عوامی سہولت کے لیے مزید بہتری کی ہدایت جاری کی۔
دورے کے دوران آئی جی پنجاب نے زیر تعمیر ٹریفک دفاتر اور ڈی پی او آفس کے کام کی رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے تعمیراتی عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔
