(لاہور نیوز) وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں بغیر نسخہ نشہ آور ادویات کی فروخت کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیرِ صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی سربراہی میں پنجاب ڈرگ کنٹرول وِنگ کی ٹیمیں صوبے کے مختلف شہروں میں متحرک ہیں، کارروائیوں کے دوران گزشتہ 48 گھنٹوں میں 96 میڈیکل سٹورز کو سربمہر جبکہ 321 کے چالان کئے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں بھی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں 10 فارمیسیز اور میڈیکل سٹورز کے چالان کر کے انہیں سربمہر کر دیا گیا۔
صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ بغیر ڈاکٹر کے نسخے کے نارکوٹکس اور نشہ آور ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل سٹورز کے لائسنس منسوخ کئے جائیں گے، حکومت پنجاب نشہ آور، غیر رجسٹرڈ اور سمگل شدہ ادویات کی فروخت کے مکمل خاتمے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔
