(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے مریدکے میں پیش آنے والے واقعے اور مذہبی جماعت کے احتجاج کے دوران گرفتار افراد کے خلاف درج مقدمات کی مؤثر پیروی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں حکومت نے دو سینئر وکلا کو بطور سپیشل پراسیکیوٹر تعینات کر دیا ہے، جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق رانا شکیل احمد خان اور چوہدری خالد رشید کو سپیشل پراسیکیوٹر مقرر کیا گیا ہے جو ان مقدمات میں حکومت کی نمائندگی کریں گے۔
ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن سیکریٹری پراسیکیوشن نے باقاعدہ طور پر جاری کر دیا ہے، دونوں سپیشل پراسیکیوٹرز نہ صرف انسداد دہشتگردی عدالت بلکہ لاہور ہائیکورٹ میں بھی حکومت کی طرف سے پیروی کریں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ اقدام اس بات کو یقینی بنانے کیلئے اٹھایا گیا ہے کہ قانون شکنی اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے اور قانون کی عملداری کو برقرار رکھا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی یا نرمی برتنے کے موڈ میں نہیں، اور تمام قانونی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے سخت کارروائی کی جائے گی۔
