ایک کو بیوی کے، دوسرے کو باجی کے کہنے پر وزیر اعلیٰ بنا دیا گیا، عظمیٰ بخاری
(لاہور نیوز) پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا سیلاب اور اس کے نقصانات کا سروے تقریباً مکمل ہو چکا ہے، بہت جلد متاثرین کو مالی امداد کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے یہ باتیں پنجاب اسمبلی میں صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہیں۔ عظمی بخاری نے کہا، ایک وزیرِاعلیٰ بیگم کے کہنے پر لگایا تھا، اب دوسرا باجی کے کہنے پر لگایا ہے، جنوبی پنجاب کے لیے مخصوص کارڈ سکیم کو دوبارہ فعال کیا جا رہا ہے جبکہ ’ستھرا پنجاب فلیگ شپ پروگرام‘ کے تحت مختلف اضلاع میں صفائی اور صحت کے منصوبے تیزی سے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں میل پروگرامز کے مثبت اثرات دیکھنے میں آ رہے ہیں خصوصاً بچوں کی صحت کے حوالے سے، عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت 60 ہزار گھر زیرِ تعمیر ہیں جبکہ 924 مکانات مکمل ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے پنجاب کے لائیو سٹاک سیکٹر میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اب تک 4014 افراد کے شناختی کارڈ رجسٹر جبکہ 9400 ٹریکٹرز کاشتکاروں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی پاکستان کے اندر حالات خراب کرنے کی کوشش کرے گا یا دہشتگردی کے لیے کسی دوسرے ملک کی سرزمین استعمال ہوگی تو حکومت سخت کارروائی کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے سڑکیں بند کرنا اور شہریوں کو بلاوجہ تکلیف دینا ناقابلِ قبول ہے، پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے تاہم عام شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات مسلسل جاری رہیں گے۔
