14 Oct 2025
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں پاگل کتوں کے کاٹنے کی ویکسین سرکاری ہسپتالوں میں دستیاب نہ ہونے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تین نومبر تک جواب طلب کر لیا۔
عدالت میں درخواست ینگ ڈاکٹرز کی تنظیم کی جانب سے دائر کی گئی جس پر جسٹس خالد اسحاق نے عبوری تحریری حکم جاری کیا، درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب میں آوارہ کتوں کے حملوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے اور ایسے میں ریبیز ویکسین کا ہسپتالوں میں دستیاب نہ ہونا شہریوں کے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ سرکاری ہسپتالوں میں ریبیز ویکسین کی فوری فراہمی یقینی بنانے کا حکم جاری کیا جائے۔
عدالت نے معاملے کی اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے متعلقہ حکام کو نوٹسز جاری کئے اور آئندہ سماعت 3 نومبر کو مقرر کر دی۔
