(لاہور نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے کارروائی کے دوران ملتان میں شہریوں سے آن لائن جاب اور ٹریننگ کے نام پر کروڑوں کے فراڈ کرنے والوں کو بے نقاب کر دیا۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے کارروائی کرتے ہوئے سکل انسٹیٹیوٹ کے سی ای او عبدالغفار کو گرفتار کر لیا، اس کے علاوہ گرفتار کیے گئے دیگر ملزموں میں نثار احمد، معاویہ، حذیفہ، حماد، اسد خالد اور زین شامل ہیں۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان آن لائن نوکری، ٹریننگ فیس کے بہانے شہریوں سے رقم بٹورتے تھے، ملزمان جعلی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے شہریوں کو جال میں پھنسا رہے تھے۔ حکام نے بتایا کہ واٹس ایپ، ٹیلی گرام گروپس سے بلیک میلنگ اور جلعسازی کے شواہد ملے ہیں۔ اس کے علاوہ مشتبہ ڈیجیٹل ڈیوائسز، موبائل فونز اور مالی ریکارڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام ملزموں کے خلاف پیکا کی دفعات کے تحت مقمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
