ڈیرہ اسماعیل خان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 خوارج جہنم واصل، میجر سبطین شہید
(لاہور نیوز) سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کرتے ہوئے 7 خوارج جہنم واصل کر دیئے، فائرنگ کے تبادلہ میں ایک میجر شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان کے علاقے درابن میں انٹیلی جنس معلومات پر آپریشن کیا، انڈین پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔
پاک فوج کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ہلاک خوارج دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے میجر سبطین حیدر کا تعلق کوئٹہ سے تھا، میجر سبطین نے بہادری سے دستے کی قیادت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، پاک فوج کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں قوم کے حوصلے بلند کر رہی ہیں۔
