(لاہور نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، جبکہ کچھ مقامات پر نچلے اور درمیانے درجے کے سیلاب کی کیفیت موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 20 ہزار کیوسک، شاہدرہ پر 22 ہزار کیوسک، بلوکی ہیڈ ورکس پر 43 ہزار کیوسک جبکہ ہیڈ سدھنائی پر 46 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دریائے ستلج کی صورتحال نسبتاً زیادہ تشویشناک ہے، جہاں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 8 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے، سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے اور یہاں بہاؤ 81 ہزار کیوسک ہے۔
دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 57 ہزار کیوسک، خانکی ہیڈ ورکس پر 75 ہزار کیوسک، قادر آباد پر 70 ہزار کیوسک، ہیڈ تریموں پر 9 ہزار کیوسک اور پنجند کے مقام پر 28 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیرہ غازی خان ڈویژن کی رودکوہیوں میں فی الوقت کسی قسم کا بہاؤ موجود نہیں ہے، مجموعی طور پر صوبے کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے اور صورت حال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے جبکہ عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں کے نزدیک احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔
