(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دھی رانی پروگرام کے تحت 5600 سے زائد اجتماعی شادیوں کا آغاز 15 اکتوبر سے ہو گا۔
یہ فیصلہ لاہور میں منعقدہ صوبائی سٹیئرنگ کمیٹی کے نویں اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔
اجلاس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر جاوید اختر محمود، اعلیٰ افسران اور پنجاب کے تمام ڈویژنل کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
سہیل شوکت بٹ نے بتایا کہ دھی رانی پروگرام مستحق بچیوں کی فلاح و بہبود کی طرف ایک انقلابی قدم ہے، حکومت کا ہدف 5000 اجتماعی شادیاں کروانے کا تھا، تاہم عوامی اعتماد اور تعاون کی بدولت اب 5600 سے زائد جوڑوں کی شادیاں کروائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں شروع کئے گئے اس منصوبے کے تحت اب تک 9000 سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کو اپنی وزیراعلیٰ پر مکمل اعتماد ہے۔
سہیل شوکت بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ دھی رانی جیسے فلاحی منصوبے ریاستِ مدینہ کے ویژن کا عملی نمونہ ہیں، ریاست ماں کے جیسی ہوتی ہے، یہ بات وزیراعلی مریم نواز نے عملی طور پر ثابت کر دکھائی ہے۔
صوبائی وزیر نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو ہدایت کی کہ آئندہ اجتماعی شادیوں کی تقریبات کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
اجلاس کے شرکا نے پروگرام کو مزید مؤثر بنانے کے لئے تجاویز بھی پیش کیں اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
