(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی آ گئی ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے متعلقہ اداروں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
گزشتہ دو روز میں متعدد گاڑیاں بند کی گئیں، پانچ نئے مقدمات درج ہوئے اور ڈرائیورز کو گرفتار کیا گیا، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر لاکھوں روپے کے جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسی گاڑیوں کی نشاندہی کریں جو دھواں چھوڑ رہی ہوں، وزیر ٹرانسپورٹ نے خبردار کیا ہے کہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ کے گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔
بلال اکبر خان نے کہا ہے کہ بار بار وارننگز اور اپیلوں کے باوجود بعض ڈرائیورز لاپرواہی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ان کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری رہے گا، حکام کے مطابق سموگ سیزن کے پیش نظر کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر اور صاف ماحول میسر آ سکے۔
