کامن ویلتھ پارلیمنٹری کانفرنس کا مقصد پارلیمانی جمہوریت کا فروغ ہے: ملک احمد خان
(لاہور نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ کامن ویلتھ پارلیمنٹری کانفرنس کا مقصد پارلیمانی جمہوریت کو فروغ دینا ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی قیادت میں پنجاب اسمبلی کے وفد نے بارباڈوس میں منعقدہ کامن ویلتھ پارلیمنٹری کانفرنس میں شرکت کی، وفد میں ممبران صوبائی اسمبلی سارہ احمد، علی حیدر گیلانی، ملک احمد سعید اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی عامر حبیب شامل تھے۔
کانفرنس کا انعقاد کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کی جانب سے "کامن ویلتھ۔ گلوبل پارٹنر" کے عنوان سے کیا گیا، کانفرنس میں شریک رکن ممالک کے پارلیمانی نمائندگان نے جمہوری حکمرانی، قانون سازی اور عالمی و علاقائی امور پر سیر حاصل گفتگو کی۔
سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ اس بین الاقوامی کانفرنس کا بنیادی مقصد پارلیمانی جمہوریت کو فروغ دینا، قانون سازی میں تعاون کو بڑھانا اور بہترین پارلیمانی طریقہ کار کا تبادلہ ہے، کامن ویلتھ پارلیمنٹری کانفرنس ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو رکن ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کو مضبوط بنانے اور تجربات کے تبادلے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
