(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کر دیا۔
لاہور ٹریفک پولیس اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے مشترکہ ایکشن پلان کے تحت 2546 بلیک لسٹڈ گاڑیوں کو فوری طور پر بند کروانے کا حکم جاری کر دیا۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق ان گاڑیوں کو شہر میں جہاں بھی دیکھا جائے گا، خودکار نظام کے تحت فوری ٹریس کر لیا جائے گا، ان گاڑیوں کو اُس وقت تک بند رکھا جائے گا جب تک ان پر واجب الادا تمام چالانات کی ادائیگی نہیں ہو جاتی۔
ڈاکٹر اطہر وحید نے واضح کیا کہ ابتدائی مرحلے میں ان گاڑیوں کو بلیک لسٹ میں شامل کیا جا رہا ہے جن پر 50 یا اس سے زائد ای چالانات واجب الادا ہیں، جدید ٹیکنالوجی اور کیمروں کی مدد سے ایسی گاڑیوں کی نگرانی اور نشاندہی ممکن بنائی گئی ہے۔
مزید برآں، تمام ٹریفک وارڈنز کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ دوران ڈیوٹی ہر گاڑی کے ای چالان کو چیک کریں، شہر بھر میں نصب کیمرے بلا تفریق ٹریفک خلاف ورزیوں پر ای چالان جاری کرتے ہیں اور اس کی ادائیگی ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے نہ صرف ٹریفک ڈسپلن قائم رکھنے میں مدد ملی ہے بلکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں بھی واضح کمی آئی ہے۔
