(لاہور نیوز) ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ایل ڈی اے ٹاؤن پلاننگ وِنگ نے غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 59 املاک کو سیل کر دیا۔
ایل ڈی اے کی ٹیموں نے گلبرگ، شادمان، سبزہ زار اور واپڈا ٹاؤن میں کارروائیاں کیں، گلبرگ میں کمرشل فیس کی عدم ادائیگی اور غیرقانونی کمرشل استعمال پر 17 املاک جبکہ شادمان میں 10 املاک کو سربمہر کیا گیا۔
اسی طرح ریکوری آپریشن کے دوران سبزہ زار میں 12 اور واپڈا ٹاؤن میں 20 کمرشل املاک کو سیل کیا گیا، سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، کلینک، فارمیسی، فوڈ پوائنٹس، دکانیں اور دفاتر شامل ہیں۔
یہ کارروائیاں چیف ٹاؤن پلانر وَن اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو کی زیر نگرانی انجام دی گئیں، ایل ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی واضح ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا کہنا ہے کہ غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا اور ایل ڈی اے شہریوں کی بہتری اور منظم شہری ترقی کے لئے ہر ممکن قدم اٹھاتا رہے گا۔
