(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیفنس لاہور میں قائم ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاسپورٹ بنوانے کیلئے آئے شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
وزیر داخلہ نے شہریوں سے پاسپورٹ بنوانے کے عمل کی باری کے انتظار، عملے کے رویئے اور وقت پر پاسپورٹ کی ترسیل سے متعلق معلومات حاصل کیں، شہریوں نے دفتر کے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اب نہ لمبی قطاریں ہوتی ہیں اور نہ ہی گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔
ایک شہری نے کہا کہ صرف 5 منٹ میں باری آ جاتی ہے اور پورا پراسیس فوری مکمل ہو جاتا ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ پہلے گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا تھا اور باری آنے پر سسٹم ڈاؤن ہو جاتا تھا لیکن اب صورتحال مکمل طور پر بدل چکی ہے، عملہ رہنمائی فراہم کرتا ہے اور تمام مراحل واضح اور آسان ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ مقررہ مدت میں ڈلیور ہو جاتا ہے جو ایک خوش آئند تبدیلی ہے۔
محسن نقوی نے شہریوں کے مثبت تاثرات اور دفتر کے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انچارج آفس اور عملے کی کارکردگی کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ آفس آکر دلی خوشی ہوئی، بلاشبہ شہریوں کا اطمینان ہی ہماری اصل کامیابی ہے۔
