(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈیڑھ سال میں 90 منصوبے شروع کئے جن میں سے 50 مکمل ہو چکے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی کے حالیہ بیانات کے ردعمل میں انہیں مناظرے کا چیلنج دے دیا۔
اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ میں 17 سال سے حکومت ہے، لیکن ان 17 سالوں میں وہاں عوامی فلاح کے کوئی قابل ذکر منصوبے نہیں بنائے گئے، مریم نواز نے پنجاب میں دو سال بھی مکمل نہیں کئے اور اس دوران 90 اہم منصوبے شروع کئے جن میں سے 50 مکمل ہو چکے ہیں، ان میں سے کئی منصوبے عوام کی فلاح کیلئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ذہین طلبہ کو جدید ترین لیپ ٹاپ دیئے جا رہے ہیں اور ہزار بیڈ کا کینسر ہسپتال، مفت ادویات کی فراہمی، الیکٹرک بسیں اور جدید ترین کارڈیالوجی ہسپتال بھی بن رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے شرمیلا فاروقی کو دعوت دی کہ وہ آ کر پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کا موازنہ کریں اور ثابت کریں کہ سندھ میں پیپلزپارٹی نے عوام کیلئے کیا کچھ کیا ہے، اگر 17 سال کی حکومت والوں کو پنجاب سے موازنہ کرنے کا شوق ہے تو وہ شوق سے مناظرے کیلئے آ جائیں، ہم آپ کو دکھائیں گے کہ ہم نے عوام کیلئے کیا کچھ کیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ کراچی کے لوگ خود لاہور کی سڑکوں اور صفائی کی تعریف کرتے ہیں جس سے پیپلزپارٹی کو پریشانی ہوتی ہے، بی آئی ایس پی کے ذریعے سندھ کے سیلاب متاثرین کو 10 ہزار روپے دینے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں مگر کیوں آپ اسے پنجاب کے متاثرین پر مسلط کرنا چاہتے ہیں؟
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مریم نواز پنجاب کے سیلاب متاثرین کو 10 لاکھ روپے کے امدادی چیک دینے جا رہی ہیں جس سے وہ متاثرین کی مدد کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔
