مری میں کارڈیک سینٹر نے کام شروع کر دیا، 5 مریضوں کی انجیوگرافی ہوئی: مریم نواز
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ آج مری میں کارڈیک سینٹر نے اپنا کام شروع کر دیا ہے، 5 مریضوں کی انجیوگرافی ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مری میں جدید ترین کارڈیک سینٹر کے قیام کا اعلان کیا جس کا مقصد مری کے مقامی شہریوں کو دل کی بیماریوں کے علاج کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ یہ سینٹر مری کی عوام کیلئے ایک تحفہ ہے تاکہ انہیں راولپنڈی یا کسی دوسرے شہر جانے کی ضرورت نہ پڑے، مری کیلئے یہ ہسپتال اور دیگر سہولتیں بہت اہمیت کی حامل ہیں کیونکہ اس علاقے کے لوگ دل کی بیماریوں کے علاج کیلئے اکثر راولپنڈی جانے میں مشکلات کا سامنا کرتے تھے۔
مریم نواز نے کہا کہ مری کا میرے دل میں ایک خاص مقام ہے، یہاں کا ہر کونا میرے لئے بہت عزیز ہے اور آج میں نے یہ فیصلہ کیا کہ مری کے عوام کو صحت کی بہتر سہولت فراہم کی جائے، مری کے لوگوں کا مری میں ہی علاج ہو گا، اب کسی کو دل کی تکلیف کی صورت میں راولپنڈی جانے کی ضرورت نہیں ہو گی، نئے کارڈیک سینٹر میں پانچ مریضوں کی انجیوگرافی کی گئی ہے اور اس کے ساتھ ہی مری کیلئے انجکشن سٹاک اور وینٹی لیٹرز سے لیس سپیشل یونٹ بھی فراہم کیا گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ مری کو اب ایک آزاد ڈسٹرکٹ کا درجہ دے دیا گیا ہے اور یہاں کے عوام کو انتظامی سہولتوں کیلئے راولپنڈی جانے کی ضرورت نہیں ہے، اب مری میں پولیس، ٹریفک کنٹرول اور تمام انتظامیہ کی سہولتیں فراہم کی جا چکی ہیں، مری کی سڑکیں پہلے سے بہتر بنا دی گئی ہیں اور مری کو ایک جدید اور صاف ستھرا شہر بنانے کی جانب قدم بڑھایا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مری میں سیاحتی سرگرمیوں اور انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ مری اب دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات میں شمار کیا جائے گا، مری کیلئے 15 نئی گرین بسیں فراہم کی جا رہی ہیں جو مری کے عوام کی سہولت کیلئے چلائی جائیں گی، ان بسوں میں خواتین کیلئے الگ حصے بھی ہوں گے اور سی سی ٹی وی کے ذریعے ان کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
مریم نواز نے مری میں غیرقانونی تعمیرات کے بارے میں بھی سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ مری میں رشوت کے ذریعے غیرقانونی عمارتوں کی تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہم مری کے حسن کو خراب کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائیں گے۔
