اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی ماہانہ کارکردگی، 23,365 خاندانوں کو مالی معاونت فراہم
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا "اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام اپنے آغاز سے اب تک ایک کامیاب ترین منصوبہ ثابت ہو رہا ہے۔
اس پروگرام نے نہ صرف لاکھوں خاندانوں کی زندگیوں میں بہتری لائی ہے بلکہ اس کے ذریعے پنجاب کے عوام کو گھروں کی تعمیر کیلئے مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، پروگرام کے آغاز سے اب تک ہر ماہ کی کارکردگی میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے کو ملا ہے اور ماہ ستمبر میں سب سے زیادہ خاندانوں کو قرضہ جات فراہم کئے گئے ہیں۔
اس ماہ میں 23,365 خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے آغاز کیلئے قرضہ جات دیئے گئے جو اس پروگرام کی تاریخ میں سب سے زیادہ تعداد ہے، گزشتہ ماہ میں "اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام کے تحت 17 ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم مختص کی گئی جس سے 13,163 خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کیلئے بلاسود قرض کی پہلی قسط فراہم کی گئی، 10,202 خاندانوں کو گھروں کی تعمیر مکمل کرنے کیلئے دوسری قسط جاری کی گئی۔
ماہ ستمبر کے دوران 7,474 خاندانوں نے اپنے گھروں کی تعمیر مکمل کر لی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ پروگرام پنجاب بھر میں تیزی سے کامیابی کی طرف بڑھ رہا ہے۔
پروگرام کے آغاز سے اب تک 86,906 خاندانوں کو قرضہ جات فراہم کئے جا چکے ہیں جن میں سے 54,754 خاندانوں کو دوسری قسط بھی فراہم کی جا چکی ہے، اس وقت 76,883 خاندان گھروں کی تعمیر میں مصروف ہیں اور بہت جلد اپنے نئے گھروں میں منتقل ہو جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں یہ پروگرام عوام کی فلاح کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہو رہا ہے، ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق "اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام نے ایک باعزت طرز زندگی کی ضمانت فراہم کی ہے، ہر شہر اور ہر گاؤں میں مستحق خاندانوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس پروگرام کے ذریعے لوگوں کی زندگیاں بدل رہی ہیں، صوبہ بھر میں اس پروگرام کے تحت دفاتر قائم کئے گئے ہیں تاکہ مستحق خاندانوں تک رسائی کو مزید آسان بنایا جا سکے۔
ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ آن لائن درخواست کا طریقہ کار انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے، تاکہ لوگ بغیر کسی دشواری کے اپنے گھروں کی تعمیر کے لئے درخواست دے سکیں۔
