(لاہور نیوز) جوڈیشل مجسٹریٹ نے ریاست کے اداروں پر حملے کروانے اور بغاوت کی ترغیب دینے کی ملزمہ فلک جاوید کو مزید چار دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے این سی سی آئی کی درخواست کی سماعت کی، این سی سی آئی اے نے سنگین جرائم میں ملوث ملزمہ کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا۔
نیشنل سائبرکرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نےمزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد منظور کر لیا، عدالت نےفلک جاوید کےجسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کرنے کے ساتھ آئندہ سماعت پر این سی سی آئی اے سے تفتیشی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
این سی سی آئی اے نےملزمہ کے خلاف نیشنل سائبرکرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ریاست مخالف پروپیگنڈا کرنے اور صوبائی وزیر کے خلاف نامناسب تصویر اپلوڈ کرنے کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ ملزمہ فلک جاوید عرصہ سے مفرور اور روپوش تھیں، انہیں این سی سی آئی اے نے چند روز قبل لاہور کے علاقہ اچھرہ سے گرفتار کیا ہے۔
