(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر محکمہ سوشل ویلفیئر نے سیلاب متاثرین کیلئے بھرپور ریلیف سرگرمیاں شروع کر رکھی ہیں۔
صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کی زیر نگرانی ان سرگرمیوں کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری اور موثر امداد فراہم کی جا سکے۔
اب تک ایک لاکھ 5 ہزار سے زائد راشن بیگز تقسیم کئے گئے ہیں، جس میں خوراک کی تمام ضروری اشیاء شامل ہیں، اس کے علاوہ متاثرہ خاندانوں کو 5 لاکھ 25 ہزار سے زائد پکے کھانے بھی فراہم کئے گئے ہیں تاکہ انہیں فوری طور پر زندگی گزارنے میں مدد مل سکے۔
محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام چلنے والے میڈیکل کیمپس میں 79 ہزار سے زائد افراد کا علاج کیا گیا، جبکہ متاثرین میں 28 ہزار سے زائد کپڑوں کے جوڑے بھی تقسیم کئے گئے ہیں، جانوروں کے لئے 96 ہزار کلو سے زائد چارہ فراہم کیا گیا ہے تاکہ ان کے پالنے والے کسانوں کو بھی کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
سیلاب زدگان کے لئے 1128 ٹینٹ بھی تقسیم کئے گئے تاکہ وہ مناسب پناہ گاہ حاصل کر سکیں، علاوہ ازیں 21 متاثرہ گھروں کی مرمت اور بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے تاکہ ان خاندانوں کو اپنے گھروں میں واپس جانے کی سہولت مل سکے۔
صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے اس حوالے سے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں ریلیف سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں اور متاثرین کو بروقت امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2562 سے زائد این جی اوز بھی ان ریلیف سرگرمیوں میں شریک ہیں جو اس کام کو تیز اور مؤثر بنانے کے لئے مدد فراہم کر رہی ہیں۔
