(لاہور نیوز) پنجاب میں تین ڈیفیمیشن ٹریبونلز کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، انجم رضا سید ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (ر) کو پنجاب ڈیفیمیشن ٹریبونل لاہور تعینات کر دیا گیا۔
پنجاب حکومت نے گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد پنجاب ہتک عزت ایکٹ 2024 کے تحت صوبے میں ڈیفیمیشن ٹریبونلز کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق پنجاب میں تین ڈیفیمیشن ٹریبونلز قائم کیے گئے ہیں جن میں لاہور، ملتان اور راولپنڈی شامل ہیں، اس اقدام کا مقصد ہتک عزت سے متعلق مقدمات کی فوری اور مؤثر سماعت کو یقینی بنانا ہے۔
لاہور ٹریبونل کیلئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (ر) انجم رضا سید کو ممبر مقرر کیا گیا ہے، ملتان ٹریبونل کے ممبران میں ریٹائرڈ سیشن جج محمد ابراہیم اصغر اور غفار مہتاب کو نامزد کیا گیا ہے، راولپنڈی ڈیفیمیشن ٹریبونل کے قیام کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جہاں متعلقہ عدالتی افسران اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔
محکمہ قانون و پارلیمانی امور پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کی کاپیاں اعلیٰ عدلیہ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، صوبائی پولیس افسران، چیف سیکرٹری پنجاب، ڈپٹی کمشنرز، کمشنرز اور دیگر متعلقہ محکموں کو ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ عدالتی کارروائی بروقت اور قانون کے مطابق آگے بڑھائی جا سکے۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیفیمیشن ٹریبونلز کے قیام سے ہتک عزت کے مقدمات کی کارروائی میں تیزی آئے گی اور متاثرہ فریقین کو جلد انصاف ملنے کی راہ ہموار ہو گی۔
