(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی، سماعت کے دوران استغاثہ کے آخری 2 گواہان کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا۔
سماعت کے دوران نیب افسر محسن ہارون، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے شاہد پرویز کا بیان قلمبند کیا گیا، دونوں گواہان کے بیانات پر 24 ستمبر کو وکلاء صفائی جرح کریں گے۔
ٹرائل میں استغاثہ کے تمام گواہوں کے بیان ریکارڈ ہو چکے ہیں تاہم مزید کوئی گواہ پیش نہیں کیا جائے گا، مقدمے میں مجموعی طور 20 گواہان کی شہادت قلمبند کی جا چکی ہے۔
مقدمہ میں 18گواہان کے بیانات پر جرح بھی مکمل کی جا چکی، سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔
سماعت کے دوران بانی کی تینوں بہنیں، بشری بی بی کی بیٹی مہر النساء احمد، سینیٹر مشال یوسف زئی اور سینیٹر علی ظفر بھی موجود تھے۔
دوران سماعت وکلاء صفائی ارشد تبریز، ظہیر چوہدری بھی عدالت موجود تھے جبکہ سپیشل پبلک پراسیکیوٹر ایف آئی اے ذولفقار عباس نقوی اور عمیر مجید ملک بھی استغاثہ کی جانب سے پیش ہوئے۔
مقدمہ کی سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کی، مقدمے کی سماعت 24 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔
