(لاہور نیوز) مون سون کا سپیل ختم ہوتے ہی لاہور میں سورج پوری آب و تاب کے ساتھ چمکنے لگا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ چند روز میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں دنوں میں بارش کے کوئی امکانات نہیں اور موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے، ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 63 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جو گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا سبب ہے۔
دوسری جانب شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک ہے، لاہور پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے، شہر کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 170 تک پہنچ چکا ہے جو انسانی صحت کیلئے نقصان دہ تصور کیا جاتا ہے۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں اور بزرگوں کا خاص خیال رکھا جائے۔
