(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کیلئے ویکسینیشن مہم زور و شور سے جاری ہے۔
مہم کے تحت 9 سے 14 سال کی عمر کی بچیوں کو مفت ویکسین فراہم کی جا رہی ہے تاکہ انہیں مستقبل میں اس مہلک مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر سائرہ افضل کے مطابق سروائیکل کینسر خواتین میں پائے جانے والے تین سب سے عام کینسرز میں سے ایک ہے، بچیوں کو دی جانے والی یہ ویکسین صرف سروائیکل کینسر ہی نہیں بلکہ پانچ اقسام کے کینسر سے بچاؤ میں مؤثر ہے۔
ڈاکٹر سائرہ افضل نے عوام میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین کے حوالے سے تمام خدشات بے بنیاد ہیں اور عالمی ادارہ صحت سمیت کئی بین الاقوامی ادارے اس کی افادیت اور تحفظ کی توثیق کر چکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن مہم کو سکولوں، ہسپتالوں اور دیگر طبی مراکز کے ذریعے بھرپور انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ ہر مستحق بچی تک بروقت ویکسین پہنچائی جا سکے۔
