قلعہ گجر سنگھ پولیس کی کارروائی، لڑکی کو ہراساں کرنے والا رکشہ ڈرائیور گرفتار
(لاہور نیوز) قلعہ گجر سنگھ پولیس نے لڑکی کو ہراساں کرنے کے واقعے میں فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔
پولیس نے جدید ہیومن انٹیلی جنس سسٹم کے ذریعے ملزم کا سراغ لگایا اور حاجی کیمپ کے علاقے سے اسے حراست میں لیا۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق لڑکی اپنی والدہ کے ہمراہ حاجی کیمپ کے قریب سے گھر واپس جا رہی تھی جب ایک رکشہ ڈرائیور نے راستے میں نازیبا حرکات کیں اور اسے ہراساں کیا، متاثرہ لڑکی کی جانب سے فوری طور پر تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں شکایت درج کروائی گئی۔
ایس پی سِول لائنز چوہدری اثر علی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی، جس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزم کو تلاش کیا، پولیس نے حاجی کیمپ کے علاقے سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے کا اعتراف کر لیا ہے، اس کے خلاف تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں مقدمہ نمبر 2817/25 درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
