(لاہور نیوز) سی ٹی او ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا ہے کہ 129 موٹرسائیکلیں جن پر جرمانے کی رقم ان کی قیمت سے زیادہ ہو چکی ہے، ان کی نیلامی کی جائے گی۔
سی ٹی او ڈاکٹر اطہر وحید نے بتایا کہ ان 129 موٹرسائیکلوں پر واجب الادا جرمانے کی رقم ایک لاکھ سے لے کر تین لاکھ سترہ ہزار تک ہے، ان موٹرسائیکلوں کی نیلامی کا عمل جلد شروع کیا جائے گا اور اس کے لئے سیف سٹیز کو مراسلہ لکھ دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر اطہر وحید نے شہریوں کو آگاہ کیا کہ اگر کسی شہری کو ای چالانز پر اعتراض ہے تو وہ ٹریفک پولیس سے رابطہ کر سکتا ہے، ٹریفک پولیس کا نظام جلد مکمل طور پر ای چالاننگ پر منتقل ہونے والا ہے جس سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے کا عمل اور بھی آسان اور شفاف ہو جائے گا۔
سی ٹی او نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ "وارڈن ایپ" کی اپگریڈیشن کے بعد وصولیوں میں 10 گنا اضافہ ہوا ہے، جو کہ اس نئے نظام کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ نیلامی کے لئے پکڑی گئی موٹرسائیکلوں کے مالکان کو فون کرکے آگاہ کیا جا چکا ہے تاکہ وہ جلد سے جلد اپنے جرمانے کی ادائیگی کریں یا نیلامی کے عمل کا حصہ بنیں۔
